الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کی درخواست پر دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع کروانے کی ڈیڈ لائن میں تیس نومبر تک توسیع کردی۔
ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان کے مطابق کئی ارکان پارلیمنٹ نے جانب سے درخواست کی گئی تھی وہ حج کے باعث مقررہ تاریخ تک حلف نامے جمع نہیں کرواسکیں گے جس کے باعث الیکشن کمیشن نے حلف نامے جمع کروانے کی تاریخ بڑھا کر تیس نومبر کردی ہے۔ اس سے پہلے نو نومبر تک حلف نامے جمع کرانے کی ڈیڈلائن دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے جن ارکان کے حلف نامے تصدیق شدہ نہیں، اُنہیں تصدیق کے لئے خطوط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق ایک سو پینسٹھ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے دہری شہریت کے حوالے سے حلف نامے الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائے۔ان میں قومی اسمبلی کے پچھہتر اور سینیٹ کے انتیس ارکان شامل ہیں جبکہ سندھ اسمبلی کے انتیس ،پنجاب اسمبلی کے چوبیس، خیبر پختون خواہ کے سات اور بلوچستان اسمبلی کے ایک رکن نے حلف نامہ جمع نہیں کرایا ہے۔