بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سی ڈی اے فائر اینڈ ریسکیو یونٹس فعال

May 12, 2025

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفینس محمد علی رندھاوا کے ہدایات پر سی ڈی اے نے جاری بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام سب اسٹیشنز پر واقع فائر اینڈ ریسکیو یونٹس کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گشت کر رہی ہیں تاکہ چوکسی کو یقینی بنایا جا سکے، ناگہانی واقعات سے بروقت نمٹا جا سکے، اور عوام کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔اب تک کئی کامیاب آپریشنز انجام دیے جا چکے ہیں، جن میں ابپارہ کے قریب درخت گرنے کے واقعے سے متاثرہ افراد کو بچانے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔ سی ڈی اے عوامی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دیں تاکہ سی ڈی اے کے ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ونگ کی ریسکیو ٹیمیں بروقت کارروائی کر سکیں۔ایک اور واقعے میں، 7th ایوینیو پر ایک خاتون نے گاڑی چلاتے ہوئے غیر ارادی طور پر فٹ پاتھ پر آ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا اور ضروری امداد فراہم کی۔ خوش قسمتی سے، ان کی بروقت کارروائی کی بدولت خاتون کو محفوظ بچا لیا گیا۔  سی ڈی اے کا عزم ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

مزیدخبریں