اسلام آباد،لندن (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نیٹ نیوز) یورپ کی ڈیفنس تجزیاتی ویب سائٹ نے اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم ایس 400 کی تباہی پاک بھارت جنگ کا سب سے بڑا واقعہ قرار دے دیا اور چینی جنگی طیاروں کی مانگ بھی بڑھ گئی۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق پاکستانی جوابی حملے میں ایس 400 کی تباہی ہوئی ہے تو یہ سب سے زیادہ ہائی پروفائل واقعہ ہے۔ آدم پور بیس شمالی بھارت کا مرکزی بیس، سخوئی سکواڈرن مرکز اور سرحد سے 100 کلومیٹر دور ہے۔ ڈیفنس تجزیاتی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی اہم ائیر بیس پر روسی سسٹم کی تباہی سے بھارتی دفاع کمزور پڑ گیا، پاکستان نے ہائپر سونک، جے ایف 17 تھنڈر میں لگایا ہے تو پاک فضائیہ کے حملے کی صلاحیت بہت بڑھ گئی۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق ہو سکتا ہے کہ پاکستان نے چین کے ہائپر سونک میزائلوں کا مقامی ماڈل تیار کیا ہو، ایس 400 تباہی کے بھارت کی دفاعی حکمت عملی پر دور رس نتائج ہوں گے۔ یہ علامتی پیغام بھی کہ پاکستان بھارت کے بہت اندر جا کر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایس 400 سیچوریشن حملوں یا ریڈار و کمانڈر پر حملہ کیے جانے پر کمزور پڑجاتا ہے۔ پاک بھارت حالیہ ٹکراؤ نے چینی جنگی جہازوں کی مانگ بڑھا دی ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے جنگی جہازوں میں مصر کی دلچسپی ہے، مصر کے ساتھ چین نے گزشتہ ہفتے 18 روزہ جنگی مشقیں مکمل کی ہیں۔ ماہرین کے مطابق چینی جنگی جہاز مشرق وسطیٰ میں طاقت کا توازن تبدیل کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپ نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی ہے اور اسے جدید فضائی ہتھیاروں، پائلٹوں کی مہارت اور لڑاکا طیاروں کی کارکردگی کو جانچنے کا ایک بہترین موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ چینی ساختہ پاکستانی لڑاکا طیاروں اور فرانسیسی ساختہ بھارتی رافیل طیاروں کے درمیان ہونے والی اس فضائی جھڑپ کا دنیا بھر کی افواج تجزیہ کریں گی تاکہ مستقبل کی جنگوں میں برتری حاصل کرنے کے لیے قیمتی معلومات حاصل کی جا سکیں۔ پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ پاکستانی حکام کے مطابق پاک فضائیہ نے رافیل طیاروں کے خلاف چینی ساختہ جے10 طیارے استعمال کیے تھے۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی عالمی سطح پرپذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے بھارت کی حکمتِ عملی کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو فوجی محاذ پربرتری حاصل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا۔ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت کیلئے چیلنج ہے کیونکہ اسے اربوں خرچ کر کے بھی فائدہ نہ ہوا۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے ’تضحیک آمیز شکست ہے، پاکستان فضائیہ، فضاؤں کی حکمران ہے، پاکستانی طیاروں نے جدید میزائل استعمال کر کے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر اپنی فضائی برتری ثابت کر دی، رافیل گرا کر پاکستان نے عالمی سطح پرعسکری ماہرین کو حیران کر دیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔
ایس 400 دفاعی نظام، رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے تضحیک آمیز شکست
May 12, 2025