ایران، امریکہ میں 3 گھنٹے مذاکرات، بات چیت آگے بڑھانے، تکنیکی پہلو پر معاہدہ ہو گیا: واشنگٹن حکام

May 12, 2025

مسقط‘ بغداد (نوائے وقت رپورٹ) ایران اور امریکہ کے جوہری مذاکرات کا چوتھا دور مسقط میں ختم ہو گیا۔ امریکی حکام کے مطابق ایران سے بات چیت آگے بڑھانے‘ تکنیکی پہلوؤں پر کام جاری رکھنے کا معاہدہ طے پا گیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ چوتھے دور میں مشکل مگر مفید بات چیت ہوئی۔ جوہری مذاکرات کے اگلے دور سے متعلق اعلان مشاورت کے بعد عمان کرے گا۔ امریکہ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ سنجیدگی سے بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق بات چیت آگے بڑھ رہی ہے۔ عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران امریکہ بات چیت میں مفید اور منفرد تجاویز شامل تھیں۔ بات چیت میں شامل تجاویز معاہدے تک پہنچنے کی مشترکہ خواہش کو ظاہر کرتی ہیں۔ دونوں فریقین کی اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد پانچواں مرحلہ طے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عراقی صدر عبداللطیف رشید نے امریکہ اور ایران کے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے عرب ٹی وی کو  انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ وہ ہمارا پڑوسی اور دوست ملک ہے۔ عبد اللطیف نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ ایک عظیم طاقت ہے جس کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات وابستہ ہیں۔ دونوں فریقوں کے درمیان جاری مذاکرات ہی اتحادی افواج کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن بغداد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہا ہے۔ ہم اپنی جانب سے کسی بھی گروہ یا تنظیم کو عراقی سرزمین کو پڑوسی ممالک اور غیر پڑوسی ممالک پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک سے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

مزیدخبریں