شہری لاکھوں روپے‘ زیورات‘ دو گاڑیوں ‘   7 موٹر سائیکلوں سے محروم‘ مزاحمت پر دو زخمی

May 12, 2025

لاہور(نامہ نگار)شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اورچوروں نے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں ،گاڑیاں اوردیگرسامان لوٹ لیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے دو افراد کو شدید زخمی کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے نوجوان پیزا ڈلیوری بوائے اویس کو شدید زخمی کردیا ہے۔ اس دوران اویس نے مزاحمت کی۔جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا اور نقدی، موبائل فون اور دو پیزے لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ باٹا پور کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے  ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے22 سالہ یاسر کو زخمی کر دیا اور 5 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔ ڈاکوؤں نے فیصل  ٹاؤن کے علاقے میں جبار کے گھر میں گھس کراہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5 لاکھ 18ہزار روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات، موبائل فون‘ ہنجروال کے علاقے میں فیصل اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون،ہڈیارہ میں تصدق سے گن پوائنٹ پر83 ہزار روپے اور موبائل فون ،راوی روڈ کے علاقے میں ناصر سے59 ہزار نقدی اور موبائل فون،شادباغ میں یاسین سے گن پوائنٹ پر 50 ہزار نقدی اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں ارشاد سے 41ہزارنقدی اور موبائل فون، شادمان کے علاقے میں عمر سے 36ہزار نقدی اور موبائل فون،گڑھی شاہو کے علاقے میں سجادسے 22 ہزار نقدی اور موبائل لوٹ لیا اورفرارہوگئے۔ چوروں نے ہربنس پورہ کے علاقے میں عادل  کے گھر سے 3 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا اورفرار ہو گئے۔ چوروں نے ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں سے دو گاڑیاں جبکہ مسلم ٹاؤن، اچھرہ، نواں کوٹ ،راوی روڈ،کاہنہ اور شاہدرہ سے سات موٹر سائیکلیں چوری کرلی ہیں۔

مزیدخبریں