پاکستانی فضائیہ نے عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے:اشرف آصف جلالی 

May 12, 2025

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر جشن فتح منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اس خوشی کے موقع پر مٹھائی تقسیم کی۔ اس دوران فضاء تکبیر و رسالتؐ، ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی فضائیہ نے عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ مسلح افواج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ تمام تر کامیابیوں کا محور ایمانی قوت اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت ہے۔ بہادر افواج نے بھارت کو وہاں وہاں نشانہ بنایا ہے، جہاں انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ بھارت طویل عرصے تک یہ زخم چاٹتا رہے گا اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جسارت نہیں کر سکے گا۔

مزیدخبریں