سکھر کویورپ بنانے کی بات نہیں کی ,این سی آئی وی ڈی اسپتال کی بات کی تھی، اس جیسی سہولیات پورے پاکستان اور یورپ تک میں نہیں ہیں: خورشید شاہ
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمدشاہ چکدرہ میں سندھ کی ترقی دکھانے کی بات سے مکر گئے ۔کہتے ہیں کہ سکھر کویورپ بنانے کی بات نہیں کی صرف این سی آئی وی ڈی اسپتال کی بات کی تھی کہ اس جیسی سہولیات پورے پاکستان اور یورپ تک میں نہیں ہیں، یورپ میں تو لوگوں کو آپریشن کرانے کے لیے لاکھوں ڈالر بھی خرچ کرنا پڑتے ہیں اور وقت بھی پہلے سے لینا پڑتا ہے مگر این آئی سی وی ڈی میں ایسا نہیں ہے۔ میڈیا اس کا اسٹینڈرڈ دیکھ لے کہ ایک ایک مریض پر ایک ایک نرس تعینات ہے اور اسپتال میں مریض کے علاوہ کوئی اضافی بندہ وہاں موجود نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے آغا بدرالدین لاءکالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم بانی متحدہ (الطاف حسین) کی محتاج ہے اگر اس نے کانوں پر ہاتھ رکھ کر آواز دی تو پھر ایم کیو ایم ختم ہوجائے گی ۔ان کا کہناتھا کہ مجھے نواز شریف جیل جاتے نظر نہیں آرہے ہیں ان کی جانب سے خلائی مخلوق ایک نیا نام ہے تاہم جس طرف ان کا اشارہ ہے انہوں نے کب مداخلت نہیں کی، ان کی مرضی سے ہی وہ تین بار وزیراعظم بنے ہیں بہرحال خلائی مخلوق خلائی مخلوق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کے خلاف پیپلزپارٹی سراپا احتجاج نہیں ہے سندھ کے لوگ سراپا احتجاج ہیں اور یہ پیپلز پارٹی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس کا حصہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ظلم سے کم نہیں ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی ہے اور 91 کی پانی کی تقیسم کے معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، اس وقت دو تین فلڈ کینال کھولے گئے ہیں جب قلت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے حوالے سے کوشش کرتا ہوں کہ اسے متنازعہ نہ بنا¶ں کیونکہ اس کی تقرری میں میرا بھی ہاتھ ہے تاہم چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ تفتیش مکمل کرنے سے پہلے کسی کا نام آوٹ نہ ہو ۔ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری میرے لیے امتحان ہے اور دعا کریں کہ یہ قومی ذمہ داری ادا کرنے میں سرخرو ہوجاوں اور کوشش ہے کہ وقت سے پہلے نام زبان سے سلپ نہیں ہونے دوں گا اور ایسا نام لائیں جس سے قوم کو بھی محسوس ہو کہ بہتر نام سامنے آیا، پہلے نام بتانے سے میڈیا اس کا تیا پانچہ کردے گا ۔