بھارت نے گندم اور چاول کی فصل سے متعلق دھوکہ دیا : امریکہ کی عالمی تجارتی تنظیم سے شکایت
واشنگٹن (آن لائن)امریکہ نے عالمی تجارتی تنظیم ’ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن‘ میں بھارت کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے کہا بھارت نے گندم اور چاول کی فصل کے حوالے سے ’مارکیٹ پرائس سپورٹ‘ کے بارے میں معلومات کم کر کے بتائی ہیں۔ یو ایس ٹریڈ کے نمائندے اور ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کسی ملک کی طرف سے حد سے زیادہ ’مارکیٹ پرائس سپورٹ‘ یا پھر اسے کم کر کے بتانا عالمی تجارتی تنظیم کے قوانین کی خلاف ورزی ہے اور بھارت نے چاول اور گندم کے معاملے میں تجارتی منڈیوں میں قیمتوں کو بحال رکھنے کے لیے جو مالی مدد فراہم کی وہ اس شرح سے کہیں زیادہ ہے جس کی اجازت ہے۔‘‘