غزہ بابلوس:اسرائیلی فوج کی فلسطینی مظاہرین پرفائرنگ ، ایک شہید،187 زخمی
غزہ (نوائے وقت رپورٹ) غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید جبکہ 150 زخمی ہو گئے۔ غزہ کی پٹی میں سرحد کے قریب ہزاروں فلسطینیوں نے مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ فائرنگ اور دم گھٹنے سے150 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ تیس مارچ سے جاری ہفتہ وار احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 53 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔قابض صہیونی فوج اور پولیس کی نگرانی میں سینکڑوں کی بڑی تعداد نے یہودی آباد کاروں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں حضرت یوسفؑ کے مزار پردھاوا بولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ رات گئے اسرائیلی فوج نے حضرت یوسفؑ کے مزار پر دھاوا بولنے والے یہودی شرپسندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جب وہاں پر موجود فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 37افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کوحراست میں لے لیا۔