کرپشن کیخلاف نیب کی کارروائی، شیخوپورہ رجسٹریشن برانچ کا تمام عملہ تبدیل
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو کی طرف سے کرپشن مافیا کے خلاف کارروائیاں شروع ہوتے ہی شیخوپورہ کی رجسٹریشن برانچ کے تمام عملے کو تبدیل کر دیا گیا اور ان کی جگہ پہلے کبھی تعینات نہ ہونے والے 3کلرکوں رانا محمد سرور مبین جاوید اور رفاقت حسین کو رجسٹری کلرک لگا دیا گیا ہے جبکہ رجسٹری برانچ سے اربوں روپے مالیت کی 308 رجسٹریوں کی دستاویزات کے غائب ہونے کے معاملہ کو ماہانہ ریونیو اجلاس کے ایجنڈا میں شامل کر لیا گیا ہے اور بورڈ آف ریونیو کے ممبر ٹیکسز کو آگاہ کیاگیا ہے کہ ان 308 دستاویزات کی بازیابی کے بارے میں اگلے ماہانہ ریونیو اجلاس میں رپورٹ پیش ہوگی۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ کئی علاقوں کے رجسٹری کلرکوں کی املاک کے بارے میں نیب کے حکام نے تحقیقات شروع کی ہوئی ہے دو سال قبل بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ہدایت جاری کی تھی کہ رجسٹری برانچوں سے ایسے تمام کلرکوں کو ہٹا دیا جائے جو مسلسل یا وقفوں کے ساتھ دو سال ان برانچوں میں تعینات رہے ہیں مگرضلع شیخوپورہ میں ان ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ دریں اثناء رجسٹری برانچ کے ذرائع نے کرپشن وغیرہ کے الزامات کی تصدیق نہ کی ہے اورکہا ہے کہ رجسٹری برانچ کے کلرکوں کا تبادلہ روٹین کی کارروائی ہے غائب ہونے والی متعدد رجسٹریوں کی دستاویزات برآمد ہو چکی ہیں جوآئندہ انسپکشن کے دوران پیش کر دی جائیں گی۔