ڈی ایچ اے ملتان کاالیکشن ، حامد چوہدری بلا مقابلہ صدر، نسیم انجم سیکرٹری بن گئے
ملتان (سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سکروٹنی کمیٹی کی نگرانی میں ملتان دسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہو گئے ، نتائج کے مطابق حامد چوہدری صدر،نسیم انجم جنرل سیکرٹری اور ظفر شیروانی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے،یہ تینوں عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ، قبل ازیں اولپمیئنز ملک شفقت ،عرفان محمود اور محمد خالد پر مشتمل پی ایچ ایف کمیٹی نے ضلع ملتان کے ہاکی کلبوں کی سکروٹنی کی اور کھلاڑیوں سمیت رپورٹ کرنیوالے 7کلبوں کو فعال قرار دیا اور ملتان ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کی آئندہ چار سالہ مدت کیلئے نئے عہدیداروں کا انتخاب کرنے کا اختیار بھی دیا ،سکروٹنی میں فعال اور ووٹنگ کا حق پانے والے کلبوں میں ملتان ہاکٹس ، کینٹ الیون ، ملتان کلب ، رکن عالم کلب ، نور بشارت کلب ،اذان کلب اورینگ ہیروز کلب شامل ہیں۔بعدازاں پی ایچ ایف کمیٹی کی نگرانی میں الیکشن کرائے گئے ، نتائج کے مطابق حامد چوہدری کو صدر،نسیم انجم کو جنرل سیکرٹری اور ظفر شیروانی کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا ، مدمقابل کوئی امیدوار نہ ہونے کے باعث عہدیداروں کا انتخاب بلامقابلہ قرار پایا۔ دریں اثناء ڈی ایچ اے ملتان کے دیگر عہدوں پر بھی انتخابی مکمل ہو گیا اور نتائج کے مطابق عبدالسعید کو سینئر نائب صدر ،ذوالفقار علی،شاہد عباس کو نائب صدور محمد آصف کو جوائنٹ سیکرٹری چْنا گیا۔ ممبران مجلس عاملہ کیلئے سید کاظم رضا نقوی ،پروفیسر مختیار پرویز ،خرم علی نقوی ،وسیم اختر اور غضنفر عباس کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔