جمہوری نظام کے تسلسل سے ملکی ترقی کی راہیں کھل سکتی ہیں: لیگی خواتین
ملتان (لیڈی رپورٹر) پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل سے ہی ملکی ترقی کی راہیں کھل سکتی ہیں جو منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو دیئے وہ کسی بھی حکومت نے نہیں دیئے لیکن دشمن قوتوں نے ملک کو ترقی سے دور کردیا ان خیالات کا اظہار جلسہ گاہ میں شرکت کے لئے آئی ہوئی خواتین نے نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس موقع پر ایم پی اے بیگم سلطانہ شاہین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہر قسم کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملکی ترقی کا پہیہ رواں دواں رکھا۔ ایم این اے شاہین شفیق‘ ڈاکٹر حمیدہ خانم‘ آپا نسرین خولہ امجد نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست نے ملک کو اقتصادی طور پر بہت نقصان پہنچایا لیکن مسلم لیگ نے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز رکھی۔ عطیہ ربنواز افشین بٹ‘ روبینہ خلیل ‘ طاہرہ ظفر‘ ملکہ تبسم اور روبینہ شاہین نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے عورت کے تقدس کو بحال رکھا اور انہیں ملکی ترقی میں برابر کی شمولیت دی۔ مسلم لیگ رہنما پروین مقصود‘ رفیعہ مغل‘ رخشندہ ناہید‘ رقیہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے سی پیک منصوبہ دے کر قوم کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا خطے میں اقتصادی صورتحال کے بحران کا خاتمہ ہوا ‘ ترقیاتی پراجیکٹ ملک کے طول و عرض پر لگائے جائیں گے جس سے معاشی خوشحالی یقینی ہو گی۔