آفیسرز کالونی میں شہری کو الاٹ زمین کا قبضہ نہ دینے پر ہائیکورٹ نے ایم ڈی اے سے 25جون کو رپورٹ طلب کرلی
ملتان (سپیشل رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بینچ نے آفیسرزکالونی میں الاٹ شدہ اراضی کاقبضہ نہیں دینے کے خلاف درخواست پرایم ڈی اے حکام کوتمام کارروائی 30 روزمیں مکمل کرکے 25 جون کورپورٹ پیش کرنے کاحکم دیاہے۔فاضل عدالت میں ملتان کے آغاعابدرضا نے درخواست دائر کی تھی کہ سال 1962 ء میں آفیسرزکالونی میں قیام کے وقت حکومت کی جانب سے 11 کنال 10 مرلہ اراضی الاٹ کی گئی جس کاآج تک قبضہ نہیں دیاگیاہے بعدازاں فاضل عدالت سے رجوع کرنے پرایم ڈی اے حکام نے مذکورہ الاٹ شدہ اراضی پر15 سے زائدرہائشیوں کوناجائز قابض قراردے دیالیکن قبضہ واگذارکرانے کے لئے پولیس لاء اینڈآرڈرکاعذراختیارکرکے قبضہ واگذارکرانے سے انکاری ہے۔فاضل عدالت کے حکم پرایم ڈی اے حکام کی جانب سے بیان دیاگیا کہ ایم ڈی اے کی گورننگ باڈی کے14 مئی کو ہونے والے اجلاس میں مذکورہ معاملہ رکھاجائیگا اوراسی قیمت وخیرت کی متبادل جگہ کی تجویزبھی مرتب کرکے حتمی منظوری کے لئے حکومت پنجاب کو بھجوائی جائیگی۔