الیکشن سیکولرازم کیلئے موت ثابت ہو گا: سراج الحق، کرپشن ختم کرنا ہو گی: غفور حیدری
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) منگوچر میں جے یو آئی (ف) کے زیراہتمام شہدائے اسلام کانفرنس ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ سینیٹر مولانا فیض محمد نے کانفرنس سے خطاب میں کہا دین سے دوری نے ماضی میں نقصان پہنچایا۔ سیکولرازم اور لبرل ازم کی گنجائش نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ قلات میں شہداء کی تعزیت کیلئے آیا ہوں۔ اسلامی نظام می نوجوانوں کو بے روزگاری الائونس دیا جائے گا۔ سال 2018ء کا الیکشن سیکولرازم کیلئے موت کا دن ثابت ہو گا۔ اسلامی نظام میں شادی کے تمام اخراجات اسلامی ریاست برداشت کرے گی۔ وفاقی حکومت کے بجٹ میں دو ہزار 221 ارب روپے سود ادا کریں گے۔ ملک میں 9 کروڑ لوگ زکوٰۃ دینے کے قابل ہیں۔ غیرمنصفانہ نظام کی وجہ سے غربت، بے روزگاری اور بے یقینی ہے۔ اس ملک کا ایک ہی علاج اور راستہ ہے اسلامی نظام اپنایا جائے۔ سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سازشی عناصر مولانا فضل الرحمن یا مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں تو ناکام ہوں گے۔ میرے جانثاروں نے جانیں دیں مگر ہماری یہ تحریک نہیں رکے گی۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بلوچستان کے سب علاقوں سے لوگ آئے ہیں۔ جے یو آئی کی تحریک شہداء کے خون سے رنگی ہوئی ہے۔ ہمارے ملک کے حالات آپ سب کے سامنے ہیں۔ ہمیں عمران جیسی قوتوں کا ہاتھ اور راستہ روکنا ہے۔ کرپشن کے بے تاج بادشاہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ کرپشن اس وقت ختم ہو گئی جب ڈاکو اور لٹیرے جیل میں ہوں گے۔ ہم نے ملک سے کرپشن ختم کرنی اور ملک کی معیشت کو بہتر بنانا ہے۔ دینی ادارے ملک میں ہمیشہ قائم رہیں گے۔