ملتان میں سارا دن سیاسی گہما گہمی نوجوان قائدین کے پوسٹر اٹھا کر پھرتے رہے ڈھول کی تھاپ پر رقص‘ نعرے بازی رانا بابر ایمبولینس میں جلسہ گاہ پہنچ گئے
ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی قائد میاں نوازشریف کی ملتان آمد سے قبل دن بھر شہر بھر میں گہما گہمی اپنے عروج پر رہی شہر کے مختلف چوکوں شاہراؤں اور علاقوں سے مختلف ٹولیوں کی شکل میں شہر میں قائدین کے پوسٹرز اور بینرزاٹھائے پھرتے رہے اس دوران سر شام ہی جلسہ گاہ میں عوام کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا جو قائدین کی آمد تک جاری رہا اس دوران ملتان‘ شجاع آباد‘ جلالپور‘ قادر پور راں‘ بند بوسن‘ مظفر آباد‘ مخدوم رشید سمیت دیگر علاقوں سے بسیں ویگنیں کاریں اور دیگر ٹرانسپورٹ پر عوام پنڈال پہنچتے رہے۔ پنڈال میں آنے سے قبل کارکنان ڈھول کی تھاپ پر والہانہ رقص بھی کرتے رہے اس دوران کارکنان آیا آیا شیر آیا‘ شیر ایک وار فیر‘ ووٹ کو عزت دو‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے کارکنوں نے مختلف گاڑیوں پر شہر کے ماڈل بھی لگا رکھے تھے جبکہ گاڑیوں پر بڑے بڑے سپیکروں کے ذریعے پارٹی ترانے بھی بجائے جاتے رہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا بابر حسین جن کا حال ہی میں دل کا بائی پاس آپریشن ہوا ہے گزشتہ روز ایمبولینس میں میاں نوازشریف کے جلسہ میں شرکت کے لئے پنڈال پہنچ گئے۔ بائی پاس آپریشن کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں چلنے پھرنے سے روکا ہوا تھا اور وہ کارڈیالوجی میں داخل تھے تاہم انہیں جیسے ہی پتہ چلا کہ میاں نواز شریف سہ پہر کو ملتان پہنچ جائیں گے تو وہ ایمبولینس پر ہی قلعہ میں پہنچ گئے اس دوران انہوں نے ایمبولینس ہی پر شیر کا ماڈل سجا لیا ڈرپ لگی حالت میں ہی وہ پنڈال میں موجود رہے اس دوران صحافیوں سے اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا جینا مرنا نوازشریف کے ساتھ ہے ۔ مسلم لیگ ن ان کے خون میں شامل ہے میری زندگی نوازشریف کے لئے وقف ہے مجھ اپنی حالت سے زیادہ ملکی حالت کی فکر ہے سازشی عناصر نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے آئندہ الیکشن میں عوام ان سازشی عناصر کا خاتمہ بذریعہ ووٹ کر دیں گے۔