الیکشن میں منبر و محراب والے لندن واشنگٹن کے الہ کار کو شکست دینگے ، سراج الحق
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی و نائب صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات میں منبر و محراب والے لندن اور واشنگٹن کے آلہ کاروں کو شکست دیکر ملک میں خلافت کا بابرکت نظام نافذ کریں گے۔ بلوچستان سمیت صوبوں اور مرکز میں متحدہ مجلس عمل کی حکومت ہوگی تو ہم احتساب کرکے دکھائیں گے۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو اس کی حقیقی منزل اسلامی نظام سے ہمکنار کرنے کیلئے جہاد کبیر کررہی ہے ۔13مئی کا جلسہ قومی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا،کرپٹ اشرافیہ ،پیسے پر بکنے اور طبلے بجا کر ناچنے والے اللہ والوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔ بلوچستان اورپاکستان کے تمام مسائل کا حل شریعت کے نظام میں ہے ۔اگر ملک کو خوف خدا رکھنے والی قیادت ملتی تو آج چیف جسٹس کو صحت کا نظام ٹھیک کرنے کیلئے ایک ایک ہسپتال نہ جانا پڑتا اور نہ دودھ اور ادویات میں ملاوٹ کے خاتمہ کیلئے ادھر ادھر بھاگنا پڑتا۔ملک میں دو نمبر چیز یں اس لئے ہیں کہ ملک کو آج تک ایک نمبر قیادت ہی نصیب نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے مقام منگوچر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل ، سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ،ایم ایم اے صوبائی مولوی نوراللہ ،مولانا امجد ،مولانا خالد سومرو،ملک سکندرخان ایڈوکیٹ،حافظ حمداللہ، مولوی فیض اللہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک میں بڑی قوت اور حقیقی متبادل بن کر سامنے آیا ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ 2018کا الیکشن سیکولر ازم کیلئے موت اور امریکہ کے آلہ کاروں کیلئے شکست کا دن ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کسی مولوی یا پیر کا نہیں ،یہ اللہ کی بادشاہت اور اللہ کے رسول ﷺ کی شریعت کا نظام ہے ،یہی وہ نظام ہے جس نے دنیا کی سب سے بگڑی ہوئی قوم کی تقدیر بدل کر انہیں حکمران بنا دیا تھا ۔جلسہ سے جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری ،ایم ایم اے صوبائی صدر مولوی نوراللہ ،جمعیت کے مرکزی رہنما مولانا خالد سومرو،مولانا امجدخان ،ملک سکندرخان ایڈوکیٹ،حافظ حمداللہ، مولوی فیض اللہ دیگر نے کہا کہ ہماری سیاست کا مرکز محور ملک میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہے ۔
سراج الحق