تعمیر و ترقی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری اشد ضروری ہے،گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث کراچی میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے، مختلف غیر ملکی کمپنیاں اپنے کاروبار میں توسیع اور نئے یونٹس لگانے کے لئے اقدامات کررہی ہیں۔ حکومت ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کو بھی اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ہالینڈ کی سفیر Ms. Ardi Stoios-Braken اور کراچی ویمن چیمبرایسٹ کے وفد سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ ملاقا ت میں دو طرفہ تعلقات ، پاک ہالینڈ مشترکہ سرمایہ کاری ، خطہ کی سیاسی صورتحال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ہالینڈ دو طرفہ تعلقات کئی برسوں پر مشتمل ہیںجو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو ر ہے ہیں ۔ انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کم اجرت ہیومن ریسورس کی دستیابی سرمایہ کاروں کے لئے اسے ایک آئیڈیل شہر بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی ا ستعداد بے پناہ ہے ضرورت اس امر کی ہے ہالینڈ کے سرمایہ کار بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ ملاقات میں ہالینڈ کی سفیر Ms. Ardi Stoios-Brakenنے کہاکہ ہالینڈ کے سرمایہ کار زراعت ، انرجی سیکٹر ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہالینڈ کے مفاد میں ہے ۔ علاوہ ازیںگورنر سندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دستیاب ہیں جن سے وہ بھرپور استفادہ کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ویمن چیمبر ضلع شرقی کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت رضوانہ شاھد کررہی تھیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ آبادی کا نصف حصہ ہونے کے باعث کو ہر شعبہ زندگی میں ان کی شمولیت انتہائی ناگزیر ہے تاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات ، دشواریوں کے باوجود تعلیم، صحت ، کاروبار، سماجی خدمت ، انتظامیہ ، مقننہ اور دیگر شعبوں میں خواتین کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ اس موقع پر وفد کی اراکین نے گورنر سندھ کو مختلف کاروبار سے منسلک خواتین کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ان کے حل کے لئے درخواست کی۔