گلگت بلتستان کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عطا آباد میں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے بننے والی جھیل کے باعث مشکلات کا شکار لوگوں کو ریلیف فراہم کرے۔
ضلع کونسل گلگت کے سابق ممبراوریوتھ فرنٹ کے چیف آرگنائزر بابا جان نے بالاورستان نیشنل سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداروں کے ہمراہ لاہورپریس کلب میں نیوز کانفرنس کی ۔ انہوں نے کہا کہ چارجنوری دو ہزاردس کو پہاڑسرکنے کی وجہ سے دریائے ہنزہ کا بہاؤ مکمل طورپررک گیا جس کی وجہ سے ایک مصنوعی جھیل بن گئی ۔ اس جھیل کی لمبائی سولہ کلومیٹر سے بھی تجاوزکرچکی ہے جبکہ اس میں موجود پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کی وجہ سے سیاحتی مقام گلمت گوجال کے ڈوبنے کا بھی اندیشہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جھیل کے ٹوٹنے سے ممکنہ تباہی کو روکنے کے لئے فی الفوراقدامات کئے جائیں اوراس جھیل کے باعث متاثر ہونے والے خاندانوں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔