لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہاہے کہ فوجی آپریشن طالبان نہیں عوام کے خلاف ہے۔ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام‘ اثاثوں کو طالبان نہیں امریکہ سے خطرہ ہے۔ امریکہ‘ نیٹو افواج کہوٹہ کی جانب پیش قدمی کرنا چاہتی ہیں۔ اکبر بگٹی کے قتل کی ایف آئی آر مشرف کیخلاف درج کرکے بلوچوں کا غصہ ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے۔ 12 مئی اور 9 اپریل کے قتل عام کی ذمہ دار متحدہ ہے۔ اے این پی احتجاجاً سندھ حکومت سے باہر آ جائے۔ سوات اور فاٹا میں آپریشن فی الفور بند کیا جائے۔ حکومت ملک میںامریکی رٹ قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ امریکی ایجنسیوں اہلکار اسلام آباد اور پشاور میں آپریشن کو مانیٹر کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میںجماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے ابتدائی سیشن کے بعد سراج الحق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منورحسن نے کہا کہ سوات، بونیراور دیر میں فوج کشی امریکہ و بھارت کے مفاد میں ہے اور پاکستان کے 100 فیصد خلاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے اے پی سی بلانے اور قوم کو اعتماد میں لینے کے بجائے واشنگٹن کی ڈکٹیشن پر یکطرفہ آپریشن شروع کیا۔ نواز شریف بھی حکومت کے حامی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دوہفتے بعد نیٹو فورسز کہیں گی کہ پاک فوج دہشت گردوں سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے، ہم مدد کے لیے اپنی فوجیں پاکستان میں داخل کررہے ہیں۔ تب حکمران بیان دیں گے کہ نیٹو نے پاکستان کو بچالیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی رٹ قائم کرنے کے نام پر جتنے بڑے پیمانے پر قتل عام کیاگیا وہ شرمناک ہے۔ رٹ آئین و قانون کے نفاذ، اداروں کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے قائم ہوتی ہے فوجی آپریشن سے نہیں۔ آپریشن کے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کا انخلاء ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں طالبانائزیشن کا ہوا کھڑا کرکے کسی کو پختونوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں ہر دوسرے دن حکومتی رٹ غائب ہوجاتی ہے لیکن وہاں رٹ قائم کرنے کا خیال کسی کو نہیں آتا۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ فوجی آپریشن فوری طور پر ختم، کرفیو اٹھایا جائے، عوام کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے اور لوگوں کواپنے گھر واپس جانے دیا جائے۔دریں اثناء مرکزی مجلس شوریٰ نے مشترکہ قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ 12مئی کے سانحہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں عدالتی کمشن قائم کیا جائے اور قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ 12مئی کا مقدمہ مقامی قاتلوں کے ساتھ پرویز مشرف کے خلاف درج کیا جائے‘ صوبہ سندھ کے گورنر کو تبدیل کیا جائے۔
منور حسن
منور حسن