75 فیصد پاکستانیوں نے نوازشریف کو مقبول ترین لیڈر قرار دیدیا ‘ زرداری کی پسندیدگی 19 فیصد رہ گئی : امریکی ادارے کا سروے
واشنگٹن (جاوید صدیق) امریکی ادارے انٹرنیشنل ری پبلکن انسٹی ٹیوٹ کے سروے کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی مقبولیت 19 فیصد ر ہ گئی جبکہ 75 فیصد پاکستانی عوام نے نواز شریف کو ملک کا مقبول ترین رہنما قرار دیا ہے۔ 51 فیصد عوام نے کہا ہے کہ نواز شریف ملکی مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکتے ہیں جبکہ 71 فیصد نے نواز شریف کو جبکہ 16 فیصد نے آصف زرداری کو صدارت کیلئے موزوں قرار دیا ہے۔ امریکی ادارے کے تازہ ترین سروے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم گیلانی کی مقبولیت کا گراف 19 فیصد سے بڑھ کر 33 فیصد اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا 30 فیصد ہو گیا جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی مقبولیت کا تناسب 54 فیصد رہا پاکستان کے 71 فیصد عوام نواز شریف اور 16 فیصد آصف زرداری کو ملک کا صدر دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ 81 فیصد عوام ملک کے مستقبل سے پریشان ہیں۔ 18 فیصد کی رائے کے مطابق حالات درست سمت کی طرف جا ر ہے ہیں۔ وزیراعظم گیلانی کی قومی سطح پر مقبولیت میں 5 واں نمبر ہے‘ 74 فیصد پاکستانیوں کے مطابق انتہا پسندی ملک کا سنگین مسئلہ ہے‘ 45 فیصد نے صوبہ سرحد اور فاٹا میں آپریشن کی حمایت کی ہے جو ماضی کی نسبت سب سے زیادہ شرح ہے۔ 37 فیصد عوام نے انتہا پسندی کے خلاف پاک امریکہ تعاون کی حمایت کی ہے۔ قبائلی علاقوں میں براہ راست امریکی مداخلت کے حمایتی افراد کی شرح 24 فیصد ہے۔ 73 فیصد پاکستانیوں نے رائے دی ہے کہ فوج کو سویلین معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ آئی آر آئی کے سروے کے مطابق نواز شریف کی پاکستان میں مقبولیت میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سروے کے مطابق عدالت اور ججوں کے معاملے پر نواز شریف کے موقف نے ان کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ اعتزاز احسن مقبولیت کے اعتبار سے 33 فیصد پر کھڑے ہیں۔ سروے میں سوال پوچھا گیا کہ اگر اگلے ہفتے انتخابات ہوں تو کس پارٹی کو ووٹ دیں گے 62 فیصد نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینگے‘ 17 فیصد نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کیلئے کہا اور 3 فیصد نے تحریک انصاف کے لئے ووٹ دینے کا عندیہ دیا۔ ایم کیو ایم کی مقبولیت 3 فیصد ہے۔ سروے میں میڈیا کی مقبولیت 86 فیصد رہی۔