لاہور (رپورٹنگ ٹیم) کراچی میں 12 مئی کو چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی آمد پر ہونے والے اندوہناک واقعات کی مذمت میں جماعت اسلامی آج 12 مئی کو یوم سیاہ منائے گی۔ اس سلسلے میں لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ جبکہ وقائع نگار خصوصی کے مطابق 12 مئی07ء کو کراچی میں وکلاء اور درجنوںبے گناہ شہریوں کی شہادت کی یاد میں اور حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف آج ملک بھر میں’’یوم سیاہ‘‘ منایا جائے گا ۔احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور ملک بھر کے وکلاء یوم سیاہ کے ساتھ مکمل عدالتی بائیکاٹ کریں گے۔ بار رومز کی عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور وکلاء بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے۔ ساڑھے گیارہ بجے لاہور ہائیکورٹ بار میں جنرل ہاوس کا اجلاس بھی ہو گا اور پھر جی پی او چوک تک پر امن احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ عدلیہ بچائو کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید قریشی ٗ سیکرٹری جنرل جلیل احمد اور ایس ایم زمان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے۔ خبرنگار خصوصی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر علی حسین نے کہا ہے کہ 12 مئی کا سانحہ ایم کیو ایم کے خلاف ایک منظم سازش تھی کیونکہ مراعات یافتہ طبقہ نہیں چاہتا کہ پاکستان میں غریب عوام کی حکمرانی قائم ہو۔ ایم کیو ایم لاہور ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار مافیا اپنے مفادات کیلئے کام کرتا چلا آ رہا ہے اور غریب عوام مہنگائی‘ بیروزگاری اور غربت جیسی پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام 6 بجے شام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس سے امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم و دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ وقائع نگار کے مطابق جسٹس (ر) وجیہہ الدین لاہور بار سے صبح 10 بجے ایوان عدل میں وکلاء سے خطاب کریں گے۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی احمد کرد نے آج ملک بھر میں وکلاء کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم قریشی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس 12 مئی کے واقعات کا ازخود نوٹس لیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024