واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر تجارت کو حکم دیا ہے کہ کینیڈا پر کسٹم ڈیوٹی میں 25 فیصد اضافہ کریں۔ کینیڈا سے سٹیل‘ ایلومینیم کی درآمد پر مجموعی کسٹم ڈیوٹی گزشتہ روز سے 50 فیصد ہو گی۔ کینیڈا نے کسٹم ڈیوٹی ختم نہ کی تو اگلے ماہ سے کاروں پر کسٹم ڈیوٹی بڑھائیں گے۔ امریکہ‘ کینیڈا کو سالانہ 200 ارب ڈالر سے زائد کی سبسڈی دے رہا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کینیڈا اگر ہماری ریاست بن جائے تو کوئی ٹیرف نہیں ہو گا۔ ہم جلد بجلی کے شعبے میں ہنگامی حالت کا اعلان کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی فروخت کے لیے چار گروپوں سے مذاکرات جاری ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں چار مختلف گروپوں سے ٹک ٹاک کی فروخت کے مذاکرات کی تصدیق کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا چاروں گروپوں کی پیش کش اچھی ہے اور تمام گروپوں سے مذاکرات درست انداز میں چل رہے ہیں۔ امید ہے ٹک ٹاک کی فروخت کا معاملہ طے پا جائے گا۔
کینیڈا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی، ہماری ریاست بن جائے تو کوئی ٹیرف نہیں ہو گا: ٹرمپ
Mar 12, 2025