طیبہ طاہرہ عابدہ حضرت سیدہ خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا اسلام کی وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں ام المومنین کے بلند مرتبہ پر فائز ہونے کا شرف حاصل ہے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو نہ صرف حضور سیدنا رحمۃ اللعالمینؐ کی پہلی زوجہ ہونے کا شرف حاصل ہے بلکہ آپ حضورنبی کریم ﷺکی سب سے بڑی مددگار اور رفیق بھی تھیں۔ حضرت خدیجہؓ قریش کے معزز اور مالدار گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپؓ کے والد کا نام خویلد بن اسد تھا اور آپ کی والدہ کا نام فاطمہ بنت زائدۃ تھا۔ سیدہ خدیجہ ؓ کو ان کے شرف اور اعلی مقام کی وجہ سے اہل مکہ ’’سیدۃ النساء قریش ‘‘ کے لقب سے پکارتے تھے۔ اور حضور نبی کریم ؐنے آپ کو ’’ افضل النساء اھل الجنۃ ‘‘ کا لقب دیا۔
حضرت سیدہ خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا شرافت ، نیکی ، دیانتداری ، سخاوت ، بلند اخلاق ، مال و دولت ، کردار ، ہمدردی اور لوگوں کے ساتھ خیر خواہی، ہر لحاظ سے کامل اور اکمل خاتون تھیں۔ آپ کا تجارتی کاروبار نہایت وسیع تھا اور آپ اپنی ایمانداری کی وجہ سے اہل مکہ میں بہت عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔
حضرت خدیجہؓ کی زندگی کا سب سے مبارک لمحہ وہ تھا جب حضور نبی کریم ﷺ نے آپ سے نکاح فرمایا۔ حضرت خدیجہؓ نے حضور نبی کریم ﷺ کے ساتھ ایک مثالی ازدواجی زندگی گزاری اور حضور نبی کریم ؐ کی مدد گار اور خیرخواہ رہیں۔ آپ نے ہر مشکل وقت میں نبی کریمؐکا ساتھ دیا اور اپنا مال و دولت اسلام کی خدمت میں پیش کر دیا۔
حضرت خدیجۃ الکبرٰ ی ؓ کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ آپ نے سب سے پہلے حضور نبی کریم ؐ کی نبوت و رسالت کی تصدیق کی اورعورتوں میں سب سے پہلے نبی کریم ؐ پر ایمان لائیں۔ جب نبی کریمﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تو آپ پر عجیب سی کیفیت طاری ہو گئی۔ جب آپ ر پہنچے تو حضرت خدیجہؓ نے انتہائی احسن انداز سے نبی کریم ؐ کو تسلی دی۔ آپ نے نبی کریم ؐ کی اعلیٰ صفات کا تذکرہ کیا اور عرض کی آپ سب سے عمدہ اخلاق والے ہیں ، آپ رشتے جوڑتے ہیں ، ہمیشہ سچ بولتے ہیں ، دکھی لوگوں کے دکھ بانٹے ہیں ، غریبوں اور نادار لوگوں کی مدد فرماتے ہیں اورمہمان نوازی فرماتے ہیں۔ آپ نے فرمایا آپ کا اللہ ہر گز آپ کو رسوا نہیں کرے گا۔ (بخاری شریف)۔
بے شمار احادیث مبارکہ ایسی ہیں جن میں حضرت سیدہ خدیجۃ الکبرٰی رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے فضائل ومناقب ملتے ہیں۔ایک مرتبہ حضور نبی کریم ؐے حضرت خدیجہ ؓ کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا : وہ مجھ پر ایمان لائیں جب اوروں نے کفر اختیار کیا ،آپ نے میری تصدیق کی جب اوروں نے مجھے جھٹلایا ، انہوں نے مجھے اپنے مال میں شریک کیا جب اوروں نے مجھے کسب مال سے روکا۔ خدا نے مجھے ان کے بطن سے اولاد دی جب کہ کسی دوسری بیوی سے نہیں ہوئی۔
فضائل و مناقب سیدہ خدیجۃ الکبرٰی ؓ(۱)
Mar 12, 2025