حافظ آباد:سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں لیگی کارکنوں نے سابق وفاقی وزیر صحت اور ن لیگ کی مرکزی رہنما سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جس میںایم۔پی۔اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ،سابق ایم۔این۔اے میاں شاہد حسین بھٹی، ن لیگ کے ضلعی صدر محمد بخش تارڑ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور سابق ایم۔پی۔اے ملک محمد وزیر اعوان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ن لیگ کے ضلعی سیکریٹریٹ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔شرکاء ریلی نے عمران خان اور ہوشرباء مہنگائی کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ گو نیازی گونیازی کے نعرے لگارہے تھے۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عمران حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے اور نااہل حکمرانوںنے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ جب تک ہم نااہل ترین حکمرانوںکو گھر نہیں بھیج لیتے ،چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اور نہ ہی اسوقت تک ملک سے مہنگائی لاقانونیت اور بے روزگاری کا خاتمہ نہیں ہوگا۔