کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی 2ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئندہ ماہ رمضان کے دوران کم آمدنی والے غریب طبقے کیلئے دو ارب روپے مالیت کے رمضان امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر نے اجلاس کی صدارت کی ۔کمیٹی نے ٹیکسٹائل ڈویژن کیلئے ایک کروڑ انہتر لاکھ روپے مالیت کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں فنانس ڈویژن کو بنیادی ڈھانچے کے منصوبوںکیلئے سات ارب اکتالیس کروڑ چون لاکھ روپے تکنیکی معاملات کے لئے چھپن کروڑ بیس لاکھ روپے اور ایس اے پی سافٹ ویئر لائسنس کی ادائیگی کیلئے چوہتر کروڑ پچیس لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی محصولات وصولی کی استعداد بڑھانے کیلئے ایک ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔پاکستان سٹیل ملز کے وفات پانے والے ملازمین کے لواحقین کو ادائیگیوں کیلئے گرانٹ کی منظوری بھی دی تاکہ فوت ہونے والے ملازمین کے قانونی وارثان کے مسائل حل کیے جاسکیں۔