ملک میں ٹیکس کا موجودہ نظام غیر منصفانہ ہے ، غریب پر اسکی سکت سے زیادہ ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جاتا ہے: وزیرِ اعظم عمران خان
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس کا موجودہ نظام غیر منصفانہ ہے ، غریب پر اسکی سکت سے زیادہ ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جاتا ہے،ٹیکس کے نظام پر ٹیکس گزاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔اس امر کا اظہار انھوں نے منگل کو اسلام آباد میں ریونیو جمع کرنے اور ٹیکس بیس بڑھانے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین نادرا اور دیگر شریک ہوئے۔بیان کے مطابق اجلاس میں ریونیو اور ٹیکس بیس بڑھانے، ٹیکس جمع کرنے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ٹیکنالوجی کو برے کار لانے اور ایف بی آر میں اصلاحات کے ضمن میں مختلف تجاویز زیرِ غورآئیں ۔ : وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں ٹیکس کا موجودہ نظام غیر منصفانہ ہے جس میں غریب پر اسکی سکت سے زیادہ ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ٹیکس بیس کو بڑھانا پی ٹی آئی منشور کا اہم جزو ہے۔ ٹیکس کا موجودہ نظام اور اعداو شمار کسی صورت ملکی معیشت کو سپورٹ نہیں کرتے ۔ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات اور ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکس کے نظام پر ٹیکس گزاروں کا اعتماد بحال کیا جائے۔ اس ضمن میں ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔