پنجاب حکومت کی جانب سے ٹھیکوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے مختلف نوعیت کے کاموں کیلئے ٹھیکوں میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں میں ای ٹینڈرنگ سسٹم جلد متعارف کرادیا جائے گا اور ای ٹینڈرنگ سسٹم مرحلہ وار پروگرام کے تحت محکموں میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے سرکاری ٹھیکے ایوارڈ کرنے میں شفافیت آئے گی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا اور ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف ہونے سے قومی وسائل عوام پر خرچ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر شفافیت لا رہی ہے اور ہمارے اس اقدام سے ٹھیکوں میں قومی وسائل کی خردبرد ختم ہوگی اور نئے مالی سال سے تمام محکمے مکمل طورپر ای ٹینڈرنگ سسٹم کے تحت ٹھیکے دینے کے پابند ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیہی آبادی کو سہولت دینے کیلئے ''نیا پاکستان، منزلیں آسان'' کے تحت دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے برعکس پسماندہ اضلا ع میں سڑکوں کی تعمیرکیلئے تین گنا زیادہ ترقیاتی فنڈز مختص کئے جارہے ہیں اور ہر ضلع کے دیہات میں آبادی کے تناسب سے مساوی ترقیاتی فنڈفراہم کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت،انرجی،صنعت،کان کنی اورسیاحت کے فروغ کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی اورپنجاب کے شہروں کو سی پیک سے مواصلاتی طورپر منسلک کرنے کیلئے دورویہ شاہراہیں اوررابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو پالیسی ریفارمز اور سٹینڈرڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہو گی اور ابتدائی طورپر صوبہ بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے 11منصوبوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جس کے تحت میانوالی تا چکوال دورویہ سڑک،جھنگ کبیر والا اورخانیوال اور اوکاڑہ کو ایم فور سے منسلک کرنے کیلئے سڑکیں بنائی جائیںگی۔صوبائی سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے محکمانہ کارکردگی اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت،سردار آصف نکئی،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ،صوبائی سیکرٹریز اوردیگر حکام نے شرکت کی۔