امریکہ ہتھیاروں کا سب سے بڑا فروخت کنندہ، سعودی عرب خریدار
اسٹاک ہوم (نیٹ نیوز) ہتھیاروں کی عالمی سطح پر سب سے بڑا فروخت کنندہ ملک امریکہ ہے جبکہ اسلحہ کی سب سے زیادہ خریداری کرنے والا ملک سعودی عرب ہے۔ (SIPRI) بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امن پر تحقیق کرنے والے سٹاک ہوم انٹر نیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2014 ء سے 2018 ء کے درمیان ہتھیاروں کی خریدو فروخت میں 2009 سے 2013 ء کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سیپری کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ہتھیاروں کی فروخت کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک امریکہ ہے جو مجموعی طور پر 36 فیصد ہتھیار فروخت کر رہا ہے۔ امریکہ کے بعد روس‘ فرانس‘ جرمنی اور چین اسلحے کی فروخت میں بالترتیب بڑے ممالک ہیں۔ ان پانچوں ممالک نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں اسلحے کی فروخت میں 75 فیصد حصہ ڈالا۔ خلیجی ممالک میں اسلحے کی خریداری میں 2009 سے 2013 ء کے مقابلے میں 2014 سے 2018 ء کے درمیان 87 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا‘ جبکہ سعودی عرب 2009 سے 2013 کے مقابلے میں گزشتہ چار برسوں میں 192 فیصد اضافے کے ساتھ اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والا ملک ہے۔ سعودی عرب کے اسلحہ خریدنے والے ممالک میں پہلا نمبر ہونے کے بعد بالترتیب بھارت‘ مصر‘ اسرائیل‘ قطر اور عراق کا نمبر آتا ہے جبکہ شام میں اسلحہ کی خریداری میں کمی دیکھی گئی۔ یہ تمام اعداد وشمار 2014 سے 2018 ء تک کے ہیں۔ واضح رہے کہ سیپری ہر چار سال بعد ہتھیاروں کی خریدو فروخت سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتا ہے اور حالیہ چار برسوں کا ان سے پیوستہ چار برسوں کا تقابل کیا جاتا ہے۔