پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 129 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 129 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی،مسلم لیگ ن کے قطب الدین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی تو درخواست گزار کے وکیل کا دلائل میں کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے حلقہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم پر ہونے والی گنتی میں پوسٹل بیلٹ کو شامل نہیں کیا گیا حالانکہ ریٹرننگ آ فیسر کو چاہیے تھا کہ تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرتا ، درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ دوبارہ گنتی میں تمام ووٹوں کو شامل کرنے کا حکم جاری کرے، جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ جو آپکا قانونی حق ہے اسکو روکنا نہیں چاہتے ، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جیتنے والی امیدوارکی کامیابی کا نوٹیفیکیشن ہو چکا ہے اس لئے درخواست گزار اپنے حق کیلئے قانونی فورم پر جائیں ۔