پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ناگریز ہے: چین
بیجنگ(آئی این پی)چین پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی کوشش کر رہا ہے تا کہ دونوں ممالک مذاکرات کا جلد آغاز کرتے ہوئے موجودہ کشیدہ صورتحال پر قابو پا سکیں ، ان خیالات کا اظہار چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی کوشش کر رہا ہے تا کہ دونوں ممالک مذاکرات کا جلد آغاز کرتے ہوئے موجودہ کشیدہ صورتحال پر قابو پا سکیں ،دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کا خاتمہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن واستحکام کیلئے ناگزیر ہے ۔ چین نے اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے مابین مذاکرات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے تا کہ موجودہ صورتحال بہتر ہو سکے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات خوشگوار ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کو احساس ہے کہ سیکیورٹی دونوں ممالک کیلئے ایک اہم معاملہ ہے ، ہم نے دونوں ممالک کیساتھ تفصیلی گفت وشنید کی ہے ۔انہوں نے یو این سیکیورٹی کونسل کی کمیٹی 1267کے حوالے سے مولانا مسعود اظہر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس سے متعلق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے قوانین بالکل واضح ہیں ۔اس حوالے سے اندورنی طور پر ہونے والی گفتگو کے بارے میں شکوک وشبہات پائے جاتے ہیں ، ہم نے متعدد مرتبہ 1267کمیٹی کے حوالے سے اپنی پوزیشن کو واضح کیا ہے ۔چین نے ایسے معاملات سے متعلق ذمہ داری کیساتھ ہر عمل میں حصہ لیا ہے جو کہ اقوام متحدہ کے اصولوں اور قوانین کے عین مطابق ہے ۔چین اس معاملہ کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کیلئے متعلقہ فریقین کیساتھ رابطے میں رہے گا ،ذمہ دارانہ اور سنجیدہ گفتگو کیساتھ اٹھائے جانے والے اقدامات ہی ایسے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کرنے کا باعث بنتے ہیں ۔