نارنگ منڈی: ٹرین کی بوگیاں کم کرنے پر عوام میں تشویش‘ احتجاج
نارنگ منڈی (نامہ نگار) لاہور نارووال اور سیالکوٹ سیکشنوں پر چلنے والی مسافر ٹرینوں کی بوگیاںپانچ روز سے آدھی کر دی گئیں بے پناہ رش، مسافر چھتوں، پائیدانوں، لیٹرینوں اور انجن کی چھت پر بیٹھنے پر مجبور ہو گئے تل دھرنے کو بھی جگہ نہ مل سکی جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر ہاتھوں میں ٹکٹیں پکڑے ٹرینوں میں سوار نہ ہو سکے۔ ریلوے بیوروکریسی کے خلاف نعرے بازی ڈیلی پسنجر ایسو سی ایشن ریلوے پاکستان کے مرکزی چئیر مین حافظ عبدالقیوم کی قیادت میں مسافروں کا ریلوے کی بد انتظامی پر زبردست احتجاج، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے سخت نوٹس لینے اور شیڈول کے مطابق بوگیاں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قبل ازیں لاثانی ایکسپریس نو بوگیوں، فیض احمد فیض ایکسپریس اور نارووال ایکسپریس سات سات بوگیوں پر مشتمل تھیں لیکن ریلوے نے اچانک متذکرہ ٹرینوں کی تین سے چار تک بوگیاں اتار دی ہیں جس کی وجہ سے بے شمار مسافر ٹکٹ خریدنے کے باوجود سٹیشن پر کھڑے ہونے کی جگہ بھی نہ ملنے کی وجہ سے مایوس لوٹ رہے ہیں۔ یہ ریلوے بیوروکریسی کی ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ شہریوں کا وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ ہے کہ فوری نوٹس لے کر بوگیوں کو فی الفور بحال کیا جائے۔