نوازشریف کی محبت کارکنوں سے دلوں سے نہیں نکالی جا سکتی: اعظم ریاض
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں نے قائد (ن) لیگ میاں نواز شریف کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور میاں نواز شریف کی بیماری پر سیاست سے گریز کرے یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، پارٹی کارکنان میں پائی جانیوالی تشویش اگر مزید گہری ہوئی تو (ن) لیگ کے متوالوں کا احتجاج حکومتی بنیادیں ہلا دے گا،ان خیالات کا اظہار چوہدری اعظم ریاض گجر، میاں خالد جاوید، ملک عمران رحمت ڈوگر، ملک نعمان شہزاد ڈوگر،چوہدری محمد ریاض ورک، حاجی طارق محمود ڈوگر، میجر حسن سردار، وسیم انجم سندھو، ملک نوید چوہان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان رہنمائوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی بیماری پر حکومتی وزراء کی بیان بازی سنگدلی کی انتہا ہے حکومت علاج معالجہ کے نام پر میاں نواز شریف کو جس انتقام کا نشانہ بنارہی ہے اس سے پوری قوم آگاہ ہے، پارٹی قیادت سے محبت کارکنوں کے دلوںسے نکالی نہیں جاسکتی، تین مرتبہ کے سابق وزیر اعظم کو سیاسی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا کر حکومت اپنے پائوں پر کلہاڑی مار رہی ہے، ایک طرف تما م اپوزیشن جماعتوں کو حکومت بیرونی خطرات کے پیش نظر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی دعوت دے رہی ہے تو دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کو دیوار سے لگانے میں لگی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔