قصور: سیف سٹی گڑھوں میں تبدیل‘ شہری پریشان‘ انتظامیہ خاموش تماشائی
قصور(نامہ نگار) سیف سٹی کے نام پر پورے قصور شہر کو ادھیڑ کر رکھ دیا گیا ہے ‘جگہ جگہ گڑھے اور ٹبّے بنا دیئے گئے ہیں لیکن جہاں پر وائرنگ مکمل ہو گئی ہے وہاں پر اُن گڑھوں کو نہ تو پُر کیا گیا ہے اورنہ ہی ضروری تعمیرات مکمل کی گئی ہیں جس سے لوگ سخت پریشان ہیں۔ علاوہ ازیں گردوغبارکے نتیجہ میں عوام کھانسی ‘سانس اور نزلہ و زکام جیسی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم یٰسین فرخ کمبوہ سابق ممبر ایگزیکٹو سپریم کورٹ بار و چیئرمین یونٹی گرو پ آف لائرز قصور نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر عبدالجبارشاہین کے دورمیں قصور شہراور گردونواح کی تمام سڑکیں بڑی محنت اور جاںفشانی سے تعمیرکی گئی تھیں لیکن اب وہ سڑکیں نظر ہی نہیں آتیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ انہوں نے ٹھیکیدار کوہدایت کی کہ تمام کام معیار کے عین مطابق جلدازجلد مکمل کیاجائے لیکن شایداِس ہدایت کاکوئی اثرنہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگرتعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل نہ کیا گیا تو وہ ٹھیکیدار کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔