صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے درمیا ن ٹیکس معاملات کے حوالے سے اجلاس
لاہور (پ ر) پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے درمیان ٹیکس کے معاملات کے حوالے سے اجلاس منعقد کیاگیا۔ اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت نے کی جبکہ باقی صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے نمائندگان جن میں خالد محمود چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ، ڈائریکٹر جنرل خیبر پی کے ریونیو اتھارٹی طاہر اورکزئی ، مسری لدانی چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی، ایڈوائزر ٹیکس پالیسی برائے سندھ ریونیو بورڈ مشتاق کاظمی او رایڈوائزر خیبر پی کے ریونیو اتھارٹی افتخار قطب نے شرکت کی۔اس کے علاوہ چیرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید احمد کے ہمراہ دیگر ممبران بھی شریک تھے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اپنے تازہ ترین آئی ٹی کے اقدامات جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی مر ر، پنجاب ریونیو اتھارٹی آئیSTRIVEاور دوسرے ذرائع سے ٹیکس کی ادائیگی اور بلیو سکائی تھنکنگ سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران منفی سیلز ٹیکس سروسزپر، ٹیلی کام سیکٹر کے سیلز ٹیکس سے متعلقہ حکمت عملی ، ای کامرس کے ٹیکس پر بروقت مسائل کے حل کیلئے چاروں ریونیو اتھارٹیز کے نمائندگان نے تفصیلاً گفتگو کی۔اس کے علاوہ دیگر مسائل جیسا کہ ٹیکسیشن ڈیجیٹل اکانومی کے بارے میں عمومی رائے، اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی بامقابل سندھ ریونیو بورڈ کے کیس پر اجلاس میں گفتگو کی گئی۔ پی آر اے کی جانب منعقدہ اجلاس کا مقصدٹیکس نظام کی بہتری کے لئے صوبوں کے درمیان طریقہ کار اور خیالات کا تبادلہ کرنا تھا۔اس کے علاوہ اجلاس کے دوران پی آر اے کی جانب سے انفارمیشن کے تبادلے کیلئے پورٹل کا اجراء کیا گیا جس کو استعمال کرتے ہوئے چاروں اتھارٹیز کے ممبران باہمی دلچسپی کی انفارمیشن ایک دوسرے سے شیئر کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی و زیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت نے کہا کہ کاروبار کو آسان بنانے، ریونیو اور معیشت کے فروغ کیلئے چاروں صوبوں کی ریونیو اتھارٹیز کا ایک جگہ اکٹھا ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کے ایسے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے پورٹل لانچ کے حوالے سے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق یہ بہت ضروری اور احسن اقدا م ہے۔