صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کوہر ممکن سہولتیں دینگے : اسلم اقبال
لاہور(سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔صنعت کاروں اور سرمایہ کاروںکوہر ممکن سہولتیں دیں گے ۔آئندہ پانچ سالوںمیں ایک کروڑ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہداف سرمایہ کاری اور صنعتوں کے فروغ کے ذریعے پورا کرینگے۔وزیراعظم عمران خان کی دانش مندانہ قیادت اور پی ٹی آئی حکومت کی جاندار معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے۔نئے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دورن گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پنجاب میں کاروباری مواقعوں اور کاروبار میں آسانیاں پیداکرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجودتھے۔صوبائی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری میں کسی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔ایسا نظام لارہے ہیں کہ نئی صنعتیں لگانے کیلئے فائل بلاوجہ کسی جگہ نہیں رکے گی۔وفاق اورصوبائی حکومتوں کے متعلقہ محکمے ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز کا قیام حکومت کاایسا انقلابی فیصلہ ہے جس سے صحیح معنوں میں صوبہ تجارتی،معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کا ہب بنے گا۔ نئے سپیشل اکنامک زونز کے قیام کیساتھ پرانے انڈسٹریل زونزکو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتوں کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔