منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل، بینکنگ عدالت 15مارچ کو فیصلہ سنائے گی
کراچی (نوائے وقت نیوز) بنکنگ عدالت نے آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کراچی کی بنکنگ عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تو عبوری ضمانت پر موجود سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور‘ حسین لوائی‘ طلحہ رضا‘ نمبر مجید‘ ذوالقرنین مجید اوردیگر ملزمان پیش ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کر کرنے پر اعتراضات دائر کر دیئے۔ اس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں منتقل کیا جا رہا ہے اور چیئرمین نیب بھی اس کی منظوری دے چکے ہیں لہٰذا ملزمان کے اعتراضات بلاجواز ہیں۔ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کر رہا ہے اور دبائو ڈالنا چاہتا ہے۔ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پہلے دائرہ اختیار طے کریں گے پھر کیس آگے بڑھائیں گے۔ 15 مارچ کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ سنائیں گے۔