مذاکرات ہونے تک خطرہ باقی رہے گا، اللہ تعالیٰ بھارت کو عقل دے:پرویز خٹک
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صورت حال میں تنائوہے، جب تک پاک بھارت مذاکرات نہیں ہوتے خطرہ رہے گا۔بھارت کی جانب سے کشیدگی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیانات پر وزیر دفاع پرویز خٹک اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی بھارت کو عقل دے، آج کی دنیا میں جنگ لڑنا آسان نہیں، جنگ سے بڑی تباہی ہوگی اور ساری دنیا اس سے متاثر ہو گی۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان لڑائی نہیں، بلکہ امن کا حامی ہے، تاہم اگر لڑائی تھوپی گئی تو وہی جواب دیں گے جو ہماری ایئر فورس نے بھارت کو دیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارڈر ہو، سمندر ہو یا پھر فضا، پاکستان کی فورسز ہر جگہ پوری طرح تیار اور مستعد ہیں، بھارتی ڈوزیئر کے کئی نکات پر پہلے ہی کام کر رہے ہیں، دیگر نکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔