ڈکیتی ، اغوا کے مقدمات کی جلد سماعت: لاہور میں سپیشل عدالتیں قائم
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے مقدمات کی جلد سماعت کیلئے لاہور کی تینوں کچہریوں میں سپیشل عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد نواز کے حکم پر الگ عدالتیں قائم کی گئیں ،فیصلہ ڈسٹرکٹ کریمینل جسٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کے ماہانہ اجلاس میں کیا گیا۔سینئر سول جج کریمینل ڈویڑن دلدار شاہ کی سفارشات پر حکم جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کینٹ، ضلع اور ماڈل ٹائون کچہریوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات کی الگ عدالتیں قائم کی گئیں۔ماڈل ٹائون کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ راشد علی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات پر سماعت کریں گے ،ماڈل ٹان کچہری میں لاہور کے 24تھانوں میں درج مقدمات کی سماعت ہوتی ہے ،ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد ضیا خان ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات پر سماعت کریں گے ،ضلع کچہری کی عدالت میں لاہور کے 38 تھانوں کے مقدمات کی سماعت ہوتی ہے ،کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کاشف افتخار ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات پر سماعت کریں گے ،کینٹ کچہری میں لاہور کے 23 تھانوں کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوتی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ عدالتیں ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور راہزنی جیسے سنگین مقدمات کی فاسٹ ٹریک کے تحت جلد سماعت کرینگی۔ اس ضمن میں سیشن جج کی جانب سے سی سی پی او کو بھی خط لکھ دیا گیا جس میں حکم دیا گیا ہے کہ مقدمات کے گواہوں کے تحفظ اور تفتیشی رپورٹس بروقت ان عدالتوں میں جمع کروائی جائے۔ سیشن جج نے ان عدالتوں کے اطراف سکیورٹی انتہائی مزید سخت اور موثر کرنے کا حکم دیا ہے۔