پہلا لیور ٹرانسپلانٹ کرنے والی ٹیم کو صدارتی ایوارڈ کی قرارداد، بچوں کے اغوا کے خلاف، خواتین میں انفیکشن سے متعلق تحاریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پاکستان میں پہلے لیور ٹرانسپلانٹ کا آپریشن کرنے والی سرجن کی ٹیم کو صدارتی ایوارڈ دینے کے مطالبے کی قرارداد عظمیٰ زاہد بخاری نے پنجاب میںدو ماہ کے دوران 149بچوں کے اغوا کیخلاف اور سعدیہ سہیل رانا نے سیزیرین آپریشن کے بعد خواتین میں انفیکشنز بڑھنے کے حوالے سے تحریک التواء جمع کرادی۔ رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پنجاب بھر سے 149بچوں کو اغواہ کیا گیا ہے۔ فیصل آباد سے 24بچے اغوا ہوئے جن میں سے پانچ بچے تاحال لاپتہ ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تین بچے اغوا ہوئے۔ رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے سیزیرین آپریشن کے بعد خواتین میں انفیکشنز بڑھنے کے حوالے سے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک اطلاع کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں کے گائنی یونٹس میں انفیکشن کنٹرول کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ اٹھانے کے باعث سیزیرین آپریشن سے ہونے والے بچوں کی مائیں خطرناک انفیکشنز کا شکار ہو کر رہ گئیں۔ ہسپتالوں کے لیبر رومز میں روزانہ 25 سے 30 بچوں کی پیدائش ہوتی ہے لیبر رومز میں استعمال ہونے والے آلات کی سٹرلائزیشن کی مشینری بھی اکثر ہسپتالوں میں خراب ہے ۔