پیرمحل: پی پی 123 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے لیگی امیدوار کی پٹیشن خارج
پیرمحل (میاں شاہد حسین سے) پیرمحل کے حلقہ پی پی123میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا معاملہ، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیرسید قطب علی شاہ بخاری کی رٹ پٹیشن خارج کردی۔ 25جولائی2018ء کو ہونیوالے عام انتخابات میں پیرمحل کے پی پی 123سے انتخابی نتائج کے بعد تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ نے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار پیرسید قطب علی شاہ المعروف علی بابا کو اعصاب شکن مقابلہ کے بعد 40ووٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بعدازاں مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی میں تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ کی برتری بڑھتے ہوئے 66ووٹ ہوگئی تو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیرسید قطب علی شاہ نے ایک بار پھر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت نے ریٹرننگ آفیسر کو ایک بار پھر دوبارہ گنتی کرنے کا حکم جاری کردیا۔ گنتی کے دوران پیرسیدقطب علی شاہ 17ووٹوں سے کامیاب قرار پائے۔ انتخابی نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے سیدہ سونیا علی رضا شاہ نے سپریم کورٹ میں انتخابی نتیجہ کو چیلنج کردیا۔ سپریم کورٹ نے ازسرنو صوبائی حلقہ پی پی 123میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کروانے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کو 3ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا آرڈر جاری کیا تھا۔ عدالتی احکامات کی روشنی میں پیرمحل کے صوبائی حلقہ کی ازسرنو گنتی کا عمل ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کی زیرنگرانی کیا گیا تو پی ٹی آ ئی کی امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ 52132جبکہ مسلم لیگ(ن)کے امیدوار پیرسید قطب علی شاہ بخاری المعروف علی بابا نے 52123ووٹ حاصل کئے یوں ریٹرننگ آفیسر شہوار امین واہگہ کی جانب سے جاری کردہ فارم 49کے مطابق سیدہ سونیا علی رضا شاہ 9ووٹوں کی برتری سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئیں۔