شاہد آفریدی نے ریٹائر منٹ کی خبروں کی تردیدکردی
کراچی (آئی ا ین پی)کرکٹ کی دنیا میں بوم بوم آفریدی کے نام سے شہرت پانے والے مایہ ناز آل رانڈر شاہد آفریدی نے ریٹائر منٹ کی خبروں کی تردیدکردی۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے گراونڈ کا چکر اس لیے لگایا کہ وہ نیشنل سٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ سے مل سکیں ، چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود لوگ جس طرح سٹیڈیم آرہے ہیں اس سے پتہ لگ رہا ہے کہ ہمارے لوگ کرکٹ سے کتنی محبت کرتے ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا نکولس پوران اور سٹیوسمتھ کے نہ آنے کے باعث ملتان سلطانز کا کمبی نیشن متاثر ہوا جس کے باعث ہم اس سال زیادہ اچھی پرفارمنس نہیں دے سکے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے تین مہینے کوئی مصروفیت نہیں ہے اور وہ اپنی فٹنس پر کام کریں گے ۔اس پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی سے ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بھی پوچھا گیا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ابھی کرکٹ نہیں چھوڑی ہے، آئندہ پی ایس ایل بھی کھیلوں گا لیکن یہ معلوم نہیں ہے کہ کس ٹیم کا حصہ بنوں گا۔