آئی سی سی تازہ ٹی ٹونٹی رینکنگ، پاکستانی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان
دبئی (اے پی پی) پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، انگلینڈ نے ایک درجہ ترقی پا کر آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی، انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔ پیر کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے تحت پاکستانی ٹیم 135 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے، بھارت کا دوسرا نمبر ہے، انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی، انگلینڈ نے آسٹریلیا کو چوتھی پوزیشن پر دھکیل دیا، جنوبی افریقہ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم شکست کے باوجود ساتویں نمبر پر برقرار ہے، افغانستان کا آٹھواں، سری لنکا کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔