انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کر دیا
کنگسٹن(اے پی پی) ڈیوڈ ویلے اور مارک ووڈ کی نپی تلی بائولنگ کی بدولت انگلینڈ نے کالی آندھی کو آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، فاتح ٹیم نے 72 رنز کا ہدف 10.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کیا، جونی بیئرسٹو 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوڈ ویلے نے 7 رنز کے عوض 4 اور ووڈ نے 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈیوڈ ویلے میچ اور کرس جورڈن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بیسیٹری میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 13 اوورز میں 71 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ڈیوڈ ویلے اور مارک ووڈ کی عمدہ لائن و لینتھ بائولنگ کے سامنے کالی آندھی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ہولڈر، کیمپ بیل اور پوران 11، 11 رنز بنا سکے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، شائی ہوپ صفر، ہٹمائر 8، ڈیر براوو 4، فابین ایلن 7، کوٹریل 4 میکوئے 10، کارلوس بریتھویٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ڈیوڈ ویلے نے 4 مارک ووڈ نے 3 عادل رشید نے 2 اور جوئے ڈینلی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 11ویں اوور میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، جونی بیئرسٹو 37 اور ایلکس ہیلز 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان مورگن 10 اور جوروٹ 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ہولڈر اور بیشو نے ایک، ایک وکٹ لی۔