پنجاب حکومت سمارٹ ریگولیشنز بنانے کی کوشش کر رہی ہے، سردار تنویر الیاس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ و ٹریڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پنجاب حکومت سمارٹ ریگولیشنز بنانے کیلئے کوشاں ہے جو نجی شعبے کو درپیش مسائل کو حل کریں گے اور کاروبار و سرمایہ کاری کو بہتر طور پر فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ون ونڈو سہولت پر بھی کام ہو رہا ہے تا کہ سرمایہ کار وںکو تمام مطلوبہ سہولیات ایک ہی جگہ سے مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ تاجر برادری کے مسائل سے آگاہی حاصل کر سکیں اور ان کی تجاویز کی روشنی میں پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے تا کہ ان کو کاروبار اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔