چوہدری نثار تاریخی شکست کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں، غلام سرور خان
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار تاریخی شکست کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں،حلف نہ اٹھانے پر انھیں صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے بھی فارغ کیا جائے،عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا تو صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لیتے، یہ بات انہوں نے سابق وفاقی وزیر داخلہ کے خطاب میں دیے گئے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی.انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاریخی شکست چوہدری نثار کے غرور و تکبر کا نتیجہ ہے،انہوںنے کہا کہ چوہدری نثار نے خود تسلیم کیا ہے کہ انتخابات سے قبل ان کی قیمت لگائی گئی.قیمت بکاؤ مال کی ہی لگائی جاتی ہے.ان کا شکریہ کہ انہوں نے خود تسلیم کر کے ثبوت عوام کے سامنے پیش کردیا، سیاسی بونے عمران خان کو بے جا تنقید کا نشانہ بنا کر اپنا قد اونچا کرنے کے چکر میں ہیں لیکن شاید وہ یہ بات بھول گئے ہیں کہ ان کو پاکستان کے عوام اور ایوان دونوں نے ٹھکرادیا ہے اور اب انکی حیثیت نہ گھر کی ہے نہ گھاٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان ہی کی شخصیت کا کرشمہ ہے کہ آج ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے تمام ادارے ایک ہی پیج پر ہیں، چونکہ ان صاحب کو انکی پارٹی اور عوام دونوں نے مسترد کر دیا ہے اس لیے اب انکو مشیر بننے کی حسرت ستا رہی ہے۔ ساری زندگی پٹواریوں کے دم پر سیاست کرنے والے ان صاحب کو اب یہ بات جان لینا چاہیئے کہ پاکستان کے غیور عوام دوبارہ انکے جھانسے میں نہیں آنے والے، تحریک انصاف نے باقی ماندہ پارٹیوں کی طرح کسی ڈکٹیٹر کی کوکھ سے جنم نہیں لیا بلکہ تبدیلی کا منشور لیکر چوروں اور لٹیروں کا احتساب کرنے ایوان میں آئی ہے اور اس میں کسی ایسے شخص کی کوئی گنجائش نہیں ہے جواگر یہ کہہ دوں اگر وہ کہہ دوں کے نعرے لگا کر ملک میں بھونچال برپا کرنے کے دعوے کرتا رہتا ہے ۔