نیب کی کوشش سے الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ کو بقایا جات مل گئے
اسلام آباد(نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کی کوششوں سے حج گروپ آرگنائزر کاررواں جمشید ٹورز اینڈ ٹریولز نے الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب کو حج سیزن 2018ء کے بقایا جات کی رقم ایک لاکھ 27 ہزار 425 ریال ادا کر دی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کو 25 نومبر 2018ء کو الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی حج گروپ آرگنائزر کاررواں جمشید ٹورز اینڈ ٹریولز کے خلاف شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ مذکورہ حج آرگنائزر گروپ الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب کو حج سیزن 2018ء کے بقایا جات کی رقم ایک لاکھ 27 ہزار 425 ریال ادا نہیں کر رہا۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب نے کاررواں جمشید ٹورز اینڈ ٹریولز کی مالکہ مسرت رشید جمشید کو 23 جنوری 2019ء کو طلب کیا۔ یہ معاملہ مذکورہ گروپ کی مالکہ کے نوٹس میں لایا گیا اور ان سے کہا گیا کہ مذکورہ ہوٹل کے بقایا جات کا معاملہ حل کریں۔ مذکورہ ٹورز اینڈ ٹریولز کمپنی کی مالکہ نے اس سے اتفاق کیا اور 26 فروری 2019ء کو نیب میں پیش ہو کر ادائیگی کی رسید اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ پیش کیا جو کہ الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔ نیب نے مذکورہ ہوٹل کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے مذکورہ ٹورز اینڈ ٹریولز کمپنی کی مالکہ کی جانب سے نیب میں جمع کرائی گئی بقایا جات کی ادائیگی کی رسید کی ای میل کے ذریعے تصدیق کی۔ ایگزیکٹو سیکرٹری الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب رفیق الحکیمی نے ای میل کے ذریعے تصدیق کی کہ معاملہ حل ہو چکا ہے جبکہ ادائیگی کی رسید اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ ای میل کے ساتھ بھیجے گئے ہیں۔ ایگزیکٹو سیکرٹری الصفوہ رائل آرچڈ ہوٹل مکہ سعودی عرب رفیق الحکیمی نے فوری تعاون کرنے اور ہوٹل کو واجب الادا رقم کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔