پاکستان چین کے لانگ مارچ کیرئیر راکٹ کی خدمات حاصل کریگا
بیجنگ(آئی این پی)پاکستان چین کے لانگ مارچ ۔3 بی کیرئیر راکٹ کی خدمات حاصل کریگا۔جس کے ذریعے گزشتہ روز کمیونیکیشن سیٹلائٹ مدار میں بھیجی گئی ہے۔ لانگ مارچ کیر یئر راکٹ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے شراکت دار ممالک کو بھی لانچنگ کی خدمات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ ان خدمات کا دائرہ لانچنگ سیٹلائٹ سے زمینی سہولیات کی تعمیر تک وسیع کردیا گیا ہے۔ اس کا اعلان گزشتہ روز چینی ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن(سی اے ایس سی) کے بورڈ چیئرمین وویان شنگ نے کیا ہے۔اعلان کے مطابق چین کی لانگ مارچ کیرئر راکٹ سیریز نے 300سیٹلائٹ لانچ کرنے کا سلسلہ مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کیرئر راکٹ سیریز سی اے ایس سی نے تیار کی تھی جس نے چین میں 96.4فیصد لانچ مشن مکمل کیے ہیں اس نے پہلے 100لانچ مشن 37برسوں میں مکمل کیے جبکہ دیگر 100مشن 7.5سال میں مکمل کیے گئے۔ جبکہ آخری 100صرف چار سال میں مکمل کیے گئے۔ چین نے 24اپریل 1970کو خلائی کلب میں شمولیت اختیار کی جب لانگ مارچ ۔1 کیرئیر راکٹ کے ذریعے پہلی سیٹلائٹ ڈانگ فنگ ہانگ ۔1مدار میں بھیجی گئی۔چین کے حالیہ سب سے بڑے کیرئیر راکٹ لانگ مارچ۔5نے اپنی پہلی پرواز کی اس وقت اس کی وزن اٹھانے کی استعداد زمینی مدار تک 25ٹن تھی جبکہ زمین کے متوازی گردش کرنے والے مدار کے لیے اس کی وزن اٹھانے کی استعداد 14ٹن ہے۔اکتوبر 1996اگست2011تک لانگ مارچ راکٹ نے مسلسل 15برس کامیاب لانچز کا عالمی سطح پر ریکارڈقائم کیا۔2018میں لانگ مارچ راکٹس نے 37مسلسل کامیاب لانچز دیں۔اس طرح وہ کامیابی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پرر ہا۔