خاتون جنتؓ کی حیات مبارکہ کو مشعل راہ بنایا جائے: عائشہ نذیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن ویمن لیگ اور امامیہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ خاتون جنت’’ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا ؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ اپنے اہلبیت میں سے سب سے زیادہ محبت سیدہ کائنات سے کرتے تھے ۔آپ اٹھنے بیٹھنے گفت و شنید میں آقائے دوجہاں سے مشابہ تھیں۔خواتین مقررین نے کہاکہ خواتین سیدہ کائنات کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر دین اور دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتی ہیں۔’’سیدہ کائنات کانفرنس‘‘ سے عائشہ نذیر قادری،خانم سیدہ موسوی،فرح ناز، نگہت اسرار، شاہدہ ناصر،شازیہ قاسم، دُر ثمین،فرح ناز،افنان بابر ،ڈاکٹر شاہدہ مغل، ڈاکٹر نوشابہ حمید ،شازیہ قاسم ، شاہدہ ناصر،زینب ارشد،عائشہ قادری،ام حبیبہ اسماعیل،ثمرین یاسین نے کانفرنس سے خطاب کیا۔خانم سیدہ موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حسن عمل اور حسن نیت کا پیکر تھیں،دین اور دنیا دونوں میں اعلیٰ پائے کی منتظم تھیں،انہوں نے اپنی گھریلو اور اسلامی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیا اور کوئی پہلو تشنہ نہیں رہنے دیا۔