ٹرمپ اور مودی سے دوستی رکھنے والے حکمرانوںکیخلاف عوام اتحاد کر چکے ہیں، غلام سرور خان
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)پاکستان تحریک انصاف کے سنئیر نائب صدر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ٹرمپ اور مودی سے دوستی رکھنے والے موجودہ حکمرانوںکے خلاف 20 کروڑ پاکستانی عوام اتحاد کر چکے ہیںجو خیبر سے کراچی تک تحریک انصاف میں شامل ہو کر آنے والے الیکشن میں ختم نبوت کے مجرموں، ڈاکوئوں ، چوروں اور ماڈل ٹائون جیسے سانحات کے لکھاریوں اور سرپرست انسانیت کے مجرموں کو مسترد کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی پوٹھوہار ٹائون کے زیر اہتمام چاکرہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں یونین کونسل گرجا ، چک جلال دین اور بجنیال کی تنظیم سازی مکمل ہونے پر عہدیداروں میں نوٹیفکیشن بھی تقسیم کئے گئے ۔ جلسے کے میزبان پی ٹی آئی پوٹھوہار ٹائون کے صدر ساجد علی قریشی ، انفارمیشن سیکریٹری راجہ ثاقب علی اور مقامی عہدیدار تھے ۔ جلسہ میں تحریک انصاف کے رہنماء میجر انیس، کرنل اجمل ،شہر یار آفریدی ، واثق قیوم ،ملک سلیم رضا اور دیگر رہنمائوں و کارکنوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ غلام سرور خان نے پوٹھوہار ٹائون کے صدر و انفارمیشن سیکریٹری ساجد علی قریشی اور راجہ ثاقب علی کو مبارکباد دی جن کی شب و روز کاوشوں سے تحریک انصاف کی رکنیت سازی و تنظیم سازی مہم کامیابی سے جاری ہے اور پوٹھوہار ٹائون کی مختلف یونین کونسلوں سے ن لیگ اور پی پی پی سمیت دیگر جماعتوں کے سرکردہ مقامی لوگوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ن لیگ کے تمام قابل ذکر رہنماء رات دن جھوٹ کی فیکٹریاں چلا کر عوام کو ورغلانے میں لگے ہوئے ہیں مگر اس کے باوجود سیاسی طور پر بالغ النظر عوام ن لیگ کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں غلام سرور خان نے کہا کہ صوبائی دارالخلافہ لاہور جیسے شہر میں لوگ مضر صحت آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں اور نام نہاد خادم اعلی پنجاب کمیشن حاصل کرنے کے چکر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اعلی عدلیہ کو بھی یہ کہنا پڑا کہ ایسا لگتا ہے کہ عوام کے مسائل سے حکمرانوں کو کوئی دلچسپی نہیں ہے2013 ء کے الیکشن میں سب سے بہترین نتائج راولپنڈی نے دئیے تھے اور آنے والے الیکشن میں یہ نتائج مزید بہتر ہونگے غلام سرور خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرے قائد نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے مرکزی سطح پر نہایت اہم ذمہ داری سونپی جسے نبھانے کیلئے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں۔ اس موقع پر ساجد علی قریشی اور راجہ ثاقب علی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی کے سلسلے میں ہم جہاں بھی گئے ہیں وہاں لوگوں نے ہمیں ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کر خوش آمدید کہا اور مختلف یونین کونسلوں میں ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے سرکردہ مقامی لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو ئے ہیں راولپنڈی حقیقی معنوں میں تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا ہے اور 2018 ء کے الیکشن میں یہاں کے عوام عمران خان کو وزیر اعظم بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے