انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں پنجاب پولیس ملک کی لیڈنگ فورس ہے: آئی جی
لاہو ر(نا مہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں پنجاب پولیس ملک کی لیڈنگ فورس ہے چنانچہ نیشنل پولیس سمٹ اینڈ ایکسپو میں پنجاب پولیس اپنے تمام آئی ٹی پراجیکٹس اور ورکنگ سسٹم میں آنے والی اصلاحات کو بھرپور انداز میں پیش کرے اور عوامی سہولت کیلئے شروع کئے گئے تمام قابل ذکر پراجیکٹس فرنٹ ڈیسک ، 8787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ، ویلفیئر آئی ، لوکل آئی ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، پولیس خدمت مراکز اور پیپر لیس ورکنگ سسٹم کے بہترین ڈسپلے کے ساتھ ساتھ شرکا ء کو ان کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے بغیر جدید پولیسنگ کا حصول ممکن نہیں ،نیشنل پولیس ایکسپو اینڈ سمٹ میں پنجاب پولیس کی آئی ٹی اصلاحات کو دیگر صوبوں کی پولیس فورسزکے ساتھ شیئرنگ کو بھی یقینی بنائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی ہائوس میں نیشنل پولیس ایکسپو اینڈ سمٹ کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں نیشنل پولیس ایکسپو میں پنجاب پولیس کے وفد کی شرکت سے متعلقہ اقدامات اور اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی شہزادہ سلطان اور ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن لاہور رانا ایازسلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل پولیس سمٹ اینڈ ایکسپومیںپنجاب پولیس کمیونٹی اینڈ سمارٹ پولیسنگ کے حصول کیلئے پچھلے کچھ عرصہ میں بنائے گئے اپنے مختلف سافٹ وئیرز اور دیگر پراجیکٹس کے حوالے سے سٹالز لگائے گی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کی سپیشلائزڈ فورسز ایلیٹ ، ریورائن ، پی ایچ پی ، ایس پی یو ،ڈولفن، پیرو، سی ٹی ڈی ،اینٹی رائٹس فورس سمیت تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے ہونے والے انقلابی اقدامات اورجدید ٹیکنالوجی کے شاہکار منصوبے سیف سٹی پراجیکٹ کو نیشنل پولیس ایکسپو میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔